Discussion Rules

Home Discussion Rules

السلام علیکم

یہ فورم آپکی خدمت میں پیش کرنے کا مقصد جہاں اپنی اقتصادی کشتی کو سہانی مالی  امیدوں کے سمندر میں دھکیلنے کے مترادف ہے وہیں ملکِ عزیز میں متروک ہوتی روایات کو ایک بار پھر سے زندہ کرنے کی کوشش ہے۔ ہم اپنے اپنے نظریات کے ایسے اسیر ہوبیٹھے ہیں کہ اچھی بات کو سراہنے میں تامل سے پیش آتے ہیں، طنزو مزاح کو جگت بازی یا حملہ سمجھنے لگے ہیں۔ تحمل برداشت،  رواداری، وضعداری، تابعداری جیسی انمول خصوصیات ہم سے دور ہوئی جاتی ہیں، ہم بھولتے جارہے ہیں کہ ہم پطرس  بخاری، ابنِ انشا، مشتاق احمد یوسفی اور عطااللہ الحق قاسمی جیسے طنزنگاران کی روایات کے امین ہیں، ہم اشفاق احمد، جون ایلیا، —– جیسے قدآور مفکروں کے وارث ہیں، علامہ اقبال، غالب، فیض احمد فیض، حبیب جالب جیسے دانشوروں کا کلام ہم محض دوسروں کو اور خصوصا” صنفِ نازک کو مرعوب کرنے کیلئے استعمال کرتے ہیں ورنہ ان کی سوچ پر عمل کرنا تو درکنا ر، ہم ایسی سوچ کو بھی خبطی سمجھنا شروع ہوگئے ہیں۔

یہ فورم اُس معاشرے کی دوبارہ  تشکیل کی جانب ایک ننھا سا قدم ہے جہاں ہم ایک دوسرے کے خون کے پیاسے نہ تھے، اختلاف کو بھی ہنسی مذاق میں ٹالتے تھے، لطیفے گھڑتے تھے، ادبی چوٹیں کرتے تھے۔ جو کلمہ گو تھا وہ مسلمان تھا اور کافر صرف اُس سانحے کے پیچھے ہی پایا جاتا تھا جس کے مجرم دستیاب نہ ہوسکیں، یا پھر اردو شاعری میں اس محبوب کیلئے استعمال ہوتا تھا جس نے لفٹ نہ کروائی ہو۔

دل دیا جان کہ کیوں اس کو وفادار اسد

غلطی کی جو کافر کو مسلمان سمجھا

ہم یہ نہیں کہتے کہ ہم آپکو سکھائیں گے، ہمارا دعویٰ ہے کہ ہم آپ کے اندر سے وہ اپنے ماضی کی یہ خوبصورت خصوصیات برامد کرکے اور انہیں رگڑ رگڑ کر جاذب نظر بنائیں گے۔

اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپکی تحریر میں اتنا اثر ہے کہ آپ ایک بہتر معاشرے کی تشکیل کی جانب سفر میں ہمارا ساتھ دے سکتے ہیں تو چٹخائیں اپنی انگلیاں اور کی بورڈ میں زلزلہ برپا کرنے کی کوشش میں جُت جائیں، ہوسکتا ہے آپکی تخلیق کسی کی زندگی اور آپکی عاقبت سنوارنے کا باعث بن جائے۔ اس کوشش میں چند باتوں کا خیال رہے کہ

آئی ڈی یعنی نام تضحیک آمیز، فحش، یا اشتعال آور نہ ہو۔

تحریر ایسی عامیانہ نہ ہو کہ دوبارہ پڑھنے پر آپکو خود بھی شرمساری محسوس ہو۔

مذہب، مسلک پر بحث ضرور کیجئے لیکن بغیر کسی کے عقائد کی تضحیک کئے یا مذاق اُڑائے۔

سیاسی وابستگیوں میں ایک دوسرے کے گھر تک پہنچنے کی کوشش کرنے والے ممبران اپنا مستقبل یہاں مخدوش ہی سمجھیں۔

مکالمے کے دوران کسی کی ذات تک پہنچ جانا نہ صرف ایک ناشائستہ عمل ہے بلکہ ممبر کو بین کرنے کا سبب بھی بن سکتا ہے۔

کسی بھی خبر پر تھریڈ بنانے سے پہلے تسلی کرلیں کہ خبر مصدقہ ہو اور فیس بک یا فوٹو شاپ سے ماخوذ نہ ہو۔

سیاسی رہنماوں کو غیر مہذب ناموں سے پکارنے سے اجتناب کیجئے، اسی طرح مذہبی یا مسلکی مخالف آئمہ، رہنمااور شخصیات کی توہین سے گریز کیجئے کہ نہ صرف آپ کے نامہ اعمال میں گناہ کا سبب بن سکتا ہے بلکہ یہاں لکھنے والے معززین کی محفل سے آپ کے اخراج کا باعث بھی بن سکتا ہے۔

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا احترام اور محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اسلئے براہ کرم استعاروں، اشاروں کنایوں میں بھی ایسی گفتگو نہ فرمائی جائے جس سے کسی کے بھی جذبات یا عقیدت کو ٹھیس پہنچے۔

امید ہے آپ دیگر ممبران کی عقیدتوں اور ملکی قانون کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ایسی کسی بھی گفتگو سے پرہیز فرمائیں گے جو ہمارے لئے آخرت یا دنیاوی نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔

فورم انتظامیہ خاص طور پرطنز و مزاح لکھنے والوں کی حوصلہ افزائی کرے گی تاکہ آنے والی نسلوں کو بتایا جاسکے کہ بغیر گالی گلوچ کئے شائستہ انداز میں چٹکیاں کیسے کاٹی جاسکتی ہیں، یہاں مزاح سے مراد ہرگز یہ نہ لی جائے کہ  بازار میں بکنے والی لطیفوں کی کتابیں اکھٹا  کرنا شروع کردی جائیں  تاکہ پوسٹ کریں اور انتظامیہ کی سرپرستی سے لطف اندوز ہوں۔

اسی طرح بعض احباب  جو شاعری اور ادب سے مراد ایسی شاعری سمجھتے ہوں جو اکثر بِناکا گیت مالا میں گانوں سے پہلے سمع خراشی کیا کرتی تھی اور اب بھی رکشوں اور ٹرکوں کے پیچھے چمکتی نظر آتی ہے، یا  پھر ادب سے ان کے ذہن میں پنڈت کُوک شاستر کی ہیجان انگیز تحاریر سرسرانا شروع کردیتی ہوں، ایسے احباب سے درخواست ہے کہ اگر دل ایسی رنگین  واردات کیلئے مچل ہی جائے تو خدارا پرائیویٹ میسیج کے ذریعے اسے پھیلائیں اور حسب استطاعت داد پائیے لیکن یوں کھلے عام ممبران اور ماڈریٹرز کو کسی نئے  دلچسپ کام پر لگانے کی کوشش نہ کریں۔

×
arrow_upward DanishGardi